فالز فلیگ کے بعد مودی کا جنگی جنون عروج پر، مقبوضہ کشمیر کے عوام میں خوف و ہراس

Published On 29 April,2025 04:38 pm

سری نگر: (دنیا نیوز) فالز فلیگ کے بعد مودی کا جنگی جنون عروج پر پہنچ گیا، بھارتی جنگی جنون کے باعث مقبوضہ کشمیر کے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ذرائع کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے عوام مودی اور بھارتی فوج کے ظلم و جبر کا شکار ہیں، مقبوضہ کشمیر کے عوام نے جنگ کے خطرے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات شروع کر دیئے۔

مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد سرچ آپریشن کے نام پر کرفیو کا سماں ہے، بھارتی فوج کی جانب کشمیری رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے، مقبوضہ کشمیر میں ظالم بھارتی فوج نے نہتے کشمیریوں کو ان کے گھروں تک محدود کر دیا۔

ذرائع کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے شہریوں کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے موجودہ حالات میں کشمیری مسلمانوں کو پریشانی کا سامنا ہے، کشمیری شہری بھارتی فوج کی جانب سے نام نہاد سرچ آپریشن اور چیکنگ سے خوف میں مبتلا ہیں۔

کشمیری شہری کے مطابق مقبوضہ کشمیر بھارتی فوج کے محاصرے کے باعث کرفیو کا سماں پیش کر رہا ہے۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کے اقدامات اس کی بوکھلاہٹ کو ظاہر کرتے ہیں، ان اقدامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارتی فوج کا کام صرف مسلمانوں کو ہراساں کرنا ہے۔

دفاعی ماہرین کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام کو ہراساں کرنا بھارتی فوج کا وطیرہ ہے۔