غزہ :(دنیا نیوز) صیہونی فورسز کی فلسطین بھر میں وحشیانہ دہشت گردی جاری ہے جبکہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملےمزید شدت اختیار کر گئے ہیں۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق 24 گھنٹوں میں صیہونی فورسز کے حملوں سے غزہ میں 150 افراد شہید، 450 زخمی ہو ئے۔
رپورٹس میں بتایاگیا کہ ہلال احمر نے اسرائیل سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کے داخلے کیلئے فوری سرحد کھولنے کا مطالبہ کیا ہے کیوں کہ غزہ میں امداد کی فوری ضرورت ہے،لوگ بھوک سے موت کے دہانے پر ہیں۔
عرب میڈیا کی رپورٹس میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ جنگ کے حوالے سے عراق کے شہر بغداد میں عرب لیگ کے سربراہی اجلاس میں حماس نےعرب لیگ سے غزہ میں نسل کشی روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
حماس کا عرب لیگ سے کہنا تھا کہ اسرائیل پر فوری پابندیاں عائد کی جائیں اور اسرائیلی حملوں کو مکمل طور پر نسل کشی قرار دیا جائے۔
واضح رہے اسرائیلی حملوں میں اب تک مجموعی طور پر 53 ہزار 272 فلسطینی شہید، 1 لاکھ 20 ہزار 673 زخمی ہوچکے ہیں، ان میں ہزاروں افراد معذوری کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔