ملائیشیا: یونیورسٹی بس اور منی وین میں تصادم، 15 افراد جاں بحق

Published On 09 June,2025 04:59 pm

کوالالمپور: (دنیا نیوز) ملائیشیا میں طالب علموں کو لے جانیوالی یونیورسٹی بس منی وین سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں طالبعلموں سمیت 15 افراد جاں بحق جبکہ 33 زخمی ہوگئے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے نتیجے میں 13طالب علم موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ 2افراد ہسپتال میں دم توڑ گئے جو سلطان ادریس ایجوکیشن یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھے۔

اس کے علاوہ حادثے میں 33 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے 7 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے طالب علموں کی عمر 21 سے 23 سال کے درمیان تھی اور اس حادثے کو خوفناک حادثہ قرار دیا جارہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر معلوم ہوتا ہے کہ بس بے قابو ہو کر منی وین سے ٹکرا گئی جس کے باعث یہ حادثہ رونما ہوا تاہم واقعے کی تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔