امریکا چین تجارتی معاہدہ: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 5 فیصد بڑھ گئی

Published On 12 June,2025 04:50 am

لندن: (دنیا نیوز) امریکا چین تجارتی معاہدے کی خبروں کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 5 فیصد تک بڑھ گئی۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق برطانوی خام تیل برینٹ آئل 2 ماہ بعد 68 ڈالرز فی بیرل کی سطح عبور کرگیا ہے جب کہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی66 ڈالر 56 سینٹس فی بیرل میں فروخت ہو رہا ہے۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ چین اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدہ طے پاگیا ہے، اس بیان نے دنیا کی دو سب سے بڑی معیشتوں میں توانائی کی طلب کے امکانات کے حوالے سے امیدوں کو تقویت دی ہے۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں معاہدے کی کچھ ابتدائی تفصیلات بھی بیان کیں، ٹرمپ کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ ہمارا معاہدہ طے پاگیا ہے جس کی حتمی منظوری ان کی اور چینی صدر کی جانب سے دی جائے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کو جتنی بھی معدنیات درکار ہوں گی وہ چین کی طرف سے فوری طور پر فراہم کی جائیں گی، اسی طرح امریکا چین کو وہ سب فراہم کرے گا جس پر اتفاق ہوا ہے اور اس میں امریکی کالجوں اور یونیورسٹیوں میں چینی طلبہ کی تعلیم بھی شامل ہے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اس معاہدے کی مزید تفصیلات واضح نہیں ہوسکیں جبکہ چین کی وزارتِ تجارت نے بھی فوری طور پر اس پر کوئی تبصرہ یا مزید معلومات فراہم نہیں کیں۔