تہران: (دنیا نیوز) ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف سخت جوابی کارروائی کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ ایران صیہونی حکومت کو سخت جواب دے گا اور ان پر کوئی رحم نہیں کیا جائے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر انگریزی زبان میں کیے گئے اپنے پیغام میں آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ہمیں دہشت گرد صیہونی حکومت کو ایک طاقتور جواب دینا ہو گا، ہم صیہونیوں پر کوئی رحم نہیں کریں گے۔
یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کو دی گئی دھمکیوں کے باوجود سامنے آیا ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ تہران اسرائیلی حملوں کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے پرعزم ہے۔
ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی کے پس منظر میں سپریم لیڈر کا یہ بیان تہران کی جانب سے کسی بھی مزید حملے کی صورت میں سخت ردعمل کا عندیہ دیتا ہے۔
یاد رہے کہ ایران کی جانب سے آپریشن صادق سوم کی 10 ویں لہر کا آغاز ہوچکا ہے جس سے اسرائیلی ایئر بیسز پر بیلسٹک میزائل سے حملہ کیا گیا جبکہ 13 جون سے اب تک ایرانی میزائل حملوں میں 14 اسرائلی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔