ایران میں اسرائیلی حملے سے شہادتوں کی تعداد 585 تک جا پہنچی، 1326 زخمی

Published On 18 June,2025 11:14 am

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) واشنگٹن ڈی سی میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس ایکٹیوسٹس نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ اسرائیلی حملوں میں ایران بھر میں کم از کم 585 افراد شہید ہو چکے ہیں جبکہ 1326 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

تنظیم کے مطابق مرنے والوں میں 239 عام شہری اور 126 سکیورٹی اہلکار شامل ہیں جبکہ دیگر کی شناخت جاری ہے۔

ایرانی حکومت کی جانب سے تاحال حملوں کے بعد باقاعدہ اموات کی اپ ڈیٹ جاری نہیں کی جا رہی، آخری بار پیر کو جاری کیے گئے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 224 افراد کی ہلاکت اور 1277 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی تھی۔

ہیومن رائٹس ایکٹیوسٹس کا کہنا ہے کہ وہ ایران میں موجود اپنے ذرائع اور مقامی رپورٹس کو باہم ملا کر تصدیق شدہ معلومات فراہم کرتے ہیں۔

اس تنظیم کو 2022 میں مہسا امینی کی موت کے بعد شروع ہونے والے مظاہروں کے دوران بھی درست اور تفصیلی اعداد و شمار دینے پر عالمی سطح پر توجہ حاصل ہوئی تھی۔