صیہونی فورسز کی غزہ میں بربریت جاری، مزید 35 فلسطینی شہید

Published On 20 June,2025 09:49 pm

غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیلی فوج کی دہشت گردی تھم نہ سکی، صہیونی فوج نے آج پھر امداد کے منتظر فلسطینیوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 35 فلسطینی شہید ہوگئے۔

عرب میڈیا نے فلسطینی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کے جنوبی علاقے میں نتساریم راہداری کے قریب امداد کے منتظر فلسطینیوں پر فائرنگ کردی، صہیونی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں ہاتھوں میں برتن پکڑے کئی روز سے بھوک کا شکار فلسطینی زندگی گنوا بیٹھے۔

اس کے علاوہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ کے علاقے دیرالبلاح میں ایک گھرکو بھی نشانہ بنایا جس کے باعث 8 فلسطینی شہید ہوگئے، فلسطینی حکام کے مطابق اسرائیلی فوج کی جارحیت کے نتیجے میں آج مجموعی طور پر 50 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

ادھر اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کے ترجمان نے جنیوا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خبردار کیا کہ غزہ کے مکینوں کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے کیوں کہ اسرائیلی فوج کے مسلسل حملوں کے باعث پانی کی فراہمی کا نظام تباہ ہوگیا ہے۔

یاد رہے کہ یونیسیف نے غزہ میں غذائی قلت کے شکار فلسطینی بچوں کی تعداد خطرناک حد تک بڑھنے سے بھی خبردار کیاہے۔