ایران کی عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے سربراہ کے خلاف اقوام متحدہ میں شکایت درج

Published On 21 June,2025 12:03 pm

تہران: (دنیا نیوز) ایران نے عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے سربراہ کے خلاف اقوام متحدہ میں شکایت درج کرا دی ہے۔

 ایران کی جانب سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور سیکیورٹی کونسل کے صدر کو گروسی کیخلاف شکایت درج کرائی گئی۔

ایرانی مندوب نے ایران کے نیوکلیئر پروگرام سے متعلق مؤقف پر گروسی کی خاموشی پر اعتراض اٹھایا کہ آئی اے ای اے کے سربراہ نے ایرانی جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملوں کی مذمت نہیں کی۔

ایران کے ایٹمی ادارے کے سربراہ نے بھی گروسی کیخلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دیا، انہوں نے کہا کہ ایرانی نیوکلیئر تنصیب اراک پر حملے کا عالمی ادارے نے مؤثر ردعمل نہیں دیا ہے۔

ایرانی مندوب امیر سعید ایروانی نے سلامتی کونسل کو رافیل گروسی کے خلاف خط لکھا ہے جس میں رافیل گروسی پر جانبداری کا بھی الزام عائد کیا گیا۔

خط میں درج کیا گیا کہ رافیل گروسی ایران کی پُرامن جوہری سرگرمیوں کے تحفظ میں ناکام رہے، رافیل گروسی نے اسرائیلی دھمکیوں کے خلاف کوئی اقدام نہیں کیا، رافیل گروسی کے حالیہ بیانات سیاسی اور جانبدارانہ رویے کی عکاسی کرتے ہیں۔

قبل ازیں سربراہ عالمی جوہری توانائی ایجنسی گروسی نے کہا کہ ایجنسی صورتحال کا قریبی جائزہ لے رہی ہے، انسپکٹرز ایران میں موجود ہیں، جب ممکن ہوا نیوکلیئر تنصیبات کا دورہ کریں گے۔

 واضح رہے کہ آج پھر اسرائیل نے اصفہان میں ایک نیوکلیئر سائٹ پر حملہ کیا، تابکاری کا اخراج نہیں ہوا مگر یہ خطرناک عمل ہے جس سے انسانی جانوں کو وسیع پیمانے پر خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔