عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کی ایران پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت

Published On 21 June,2025 03:20 pm

استنبول: (ویب ڈیسک) عرب لیگ کے وزرائے خارجہ نے ایران پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی کی اپیل کردی۔

ترکیہ کی خبر ایجنسی کے مطابق عرب لیگ نے ایران پر اسرائیلی فضائی حملوں کی سخت مذمت کی ہے اور فوری طور پر عسکری کشیدگی روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

عرب لیگ کے وزرائے خارجہ نے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر کوششیں تیز کرنے پر زور دیا تاکہ مزید بگاڑ کو روکا جا سکے اور ایک جامع جنگ بندی کی طرف پیش رفت کی جا سکے۔

عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کا اجلاس گزشتہ روز استنبول میں ہوا، جس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال، خصوصاً 13 جون سے ایران پر اسرائیلی حملوں کے تناظر میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

ہنگامی اجلاس کے بعد جاری کردہ حتمی بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی حملہ اقوام متحدہ کے ایک رکن ملک کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی اور علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔

وزرائے خارجہ نے ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات کی بحالی کی اپیل کی اور کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا۔