ایران کا تازہ حملہ، بین گورین ایئر پورٹ میں اہداف، فوجی مراکز تباہ کرنے کا دعویٰ

Published On 21 June,2025 10:51 pm

تہران: (ویب ڈیسک) ایران کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع میں جوابی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

پاسداران انقلاب نے تل ابیب کے بین گورین ایئر پورٹ اور صیہونی فوج کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سمیت کئی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب گارڈز نے سرکاری بیان میں دعویٰ کیا کہ انہوں نے اسرائیل کی جانب میزائل داغے جن کا ہدف بین گورین ایئرپورٹ اور فوجی ہیڈکوارٹرز تھے۔

پاسدارانِ انقلاب کے مطابق وعدہ صادق سوم آپریشن کے 18 ویں مرحلے میں اسرائیل کے خلاف شہید 136 نامی ڈرونز اور جدید میزائلوں کا استعمال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کا اسرائیل پر نیا حملہ، متعدد شہروں میں دھماکوں کی گونج، فوجی مراکز، صنعتیں نشانہ

پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ اسرائیل کے خلاف تازہ حملوں میں فوجی مراکز کو کامیابی سے تباہ کیا گیا، اسرائیلی جدید دفاعی نظام ایرانی ڈرونز کو روکنے میں ناکام رہا جس کے بعد اسرائیلی عوام پناہ گاہوں میں جانے پر مجبور ہوئی۔

ایران کے پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے اسرائیل کے شہر دیمونا میں ایٹمی ری ایکٹر کو بھی کامیابی سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے اسرائیلی دفاعی اور صنعتی تنصیبات پر حملوں کا سلسلہ مزید بڑھایا جائے گا اور صیہونی حکومت کے خلاف یہ کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی۔

یاد رہے کہ اسرائیل کی جانب سے وقفے وقفے سے ایران پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے، اسرائیل نے آج صبح بھی اصفہان میں نیوکلیئر سائٹ کونشانہ بنایا۔