ایران کا جوہری پروگرام جاری رکھنے کا اعلان

Published On 23 June,2025 01:31 am

تہران: (دنیا نیوز) ایران نے جوہری پروگرام جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔

ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کا کہنا ہے امریکی حملوں کے بعد تابکاری کے شواہد نہیں ملے، تینوں ایٹمی تنصیبات کی قریبی آبادیوں کو خطرہ نہیں، آئی اے ای اے خاموش اور ممکنہ طور پر شریک جرم ہے۔

ایرانی عہدیدار نے کہا کہ فردو نیوکلیئر سائٹ کی صرف داخلی اور خارجی سرنگوں کو نقصان پہنچا، ایران پر حملے کے بعد آئی اے ای اے نے آج ہنگامی اجلاس طلب کرلیا، اپنے بیان میں کہا ایران پر حملے کے بعد تابکاری میں اضافے کی کوئی اطلاع نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تینوں ایٹمی تنصیبات پر تابکاری کی سطح میں کسی اضافے کی اطلاع نہیں ملی، ایران نے آئی اے ای اے سے امریکی حملوں کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔

امریکا جنگ میں کود پڑا، ایران کی 3 جوہری تنصیبات پر حملہ

 امریکا نے مذاکرات کی آڑ میں جھانسا دیتے ہوئے ایران کی 3 جوہری تنصیبات پر حملہ کر دیا، فردو، نطنز اوراصفہان میں جوہری اہداف پر بم برسا دیے، ایران نے آبنائے ہرمز بند کرنے اور جوابی کارروائی کرنے کا اعلان کر دیا۔

امریکی حکام کے مطابق امریکی بی ٹو بمبار طیاروں نے فردو جوہری سائٹ پر بموں کا ایک پورا پے لوڈ گرایا، فردو پر 30 ٹن بارود گرایا گیا، فردو ایٹمی پلانٹ کو مکمل تباہ کردیا، تمام طیارے یہ حملے کرکے بحفاظت واپس آ گئے۔

امریکی میڈیا کے مطابق امریکی آبدوزوں سے 400 میل دور داغے گئے 30 ٹام ہاک میزائلوں نے ایران میں جوہری مقامات اصفہان اور نطنز کو نشانہ بنایا جبکہ فردو پر بی 2 بمبار طیاروں سے بم گرائے گئے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ تمام امریکی جنگجوؤں کو ایران پر حملے کی مبارکباد، دنیا میں کوئی اور فوج ایسا نہیں کرسکتی تھی،آج رات ہمیں بہت بڑی کامیابی ملی ، اسرائیل اب بہت زیادہ محفوظ ہے۔

ٹرمپ نے لکھا کہ یہ ریاست ہائے متحدہ امریکا، اسرائیل اور دنیا کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے، ایران اب اس جنگ کے خاتمے پر رضامند ہونا ہو جائے گا۔