ایران نے ایٹمی منصوبے کی دوبارہ کوشش کی تو ناکام بنائیں گے: نیتن یاہو

Published On 25 June,2025 10:23 am

تل ابیب: (دنیا نیوز) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ایران نے ایٹمی منصوبے کی دوبارہ کوشش کی تو ناکام بنائیں گے۔

نیتن یاہو نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ وجود کیلئے دو خطروں، ایٹمی اور میزائل منصوبے کو ختم کر دیا، ایران کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کی جو نسلوں تک یاد رہے گی۔

اسرائیلی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اسراِئیل کو آج تک وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ سے بہتر کوئی دوست نہیں ملا، ہم حماس کو شکست دیں گے اور غزہ سے زندہ اور مردہ یرغمالیوں کو واپس لائیں گے۔

ایران کو یورینیم افزودہ کرنے نہیں دیں گے: اسٹیو وٹکوف


ادھر امریکی صدر کے خصوصی مندوب برائے مشرق وسطیٰ اسٹیو وٹکوف نے کہا ہے کہ امریکا ایٹمی پروگرام پر مستقبل میں کسی بھی معاہدے کے تحت ایران کو یورینیم افزدوہ کرنے نہیں دے گا۔

امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں اسٹیو وٹکوف نے کہا کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی پہلے ہی ایران سے بات چیت میں شامل ہے، امید ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جامع امن معاہدہ ہو جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکی حملے کا مقصد تہران کو یورینیم کی افزودگی سے روکنا تھا اور صدر ٹرمپ کو علم تھا کہ حملہ کس وقت کرنا ہے۔

ایران جوہری پروگرام برقرار رکھنے کیلئے مزید پرعزم

دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ 12 روزہ اسرائیلی جارحیت کے بعد ایران جوہری پروگرام برقرار رکھنے کے لیے مزید پرعزم ہو گیا ہے۔

عرب میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا ہے کہ ہم نے جوہری ٹیکنالوجی حاصل کرنے کے لیے بہت محنت کی ہے، اس کے لیے ہمارے سائنس دانوں نے بے پناہ قربانیاں دیں، یہاں تک کہ اپنی جانیں بھی دیں۔

عباس عراقچی نے مزید کہا ہے کہ ایرانی عوام نے اس مقصد کے لیے مشکلات برداشت کی ہیں اور اسی مسئلے پر ایران پر جنگ مسلط کی گئی، اب یہ بات یقینی ہے کہ ایران میں کوئی بھی اس ٹیکنالوجی سے دست بردار نہیں ہوگا۔

جوہری پروگرام میں تعطل نہیں آئے گا: سربراہ ایرانی ایٹمی توانائی تنظیم

علاوہ ازیں ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم کے سربراہ محمد اسلامی نے کہا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام میں کوئی تعطل نہیں آئے گا۔

انہوں نے کہا ہے کہ ایران نے پہلے ہی جامع منصوبے مرتب کر رکھے تھے جن کے ذریعے حملے کی صورت میں بھی جوہری سرگرمیوں کو بحال اور محفوظ رکھا جاسکے تاکہ پیداوار اور خدمات کی فراہمی کے عمل میں کوئی تعطل نہ آئے۔

ایران کے پاس موجود 400 کلوگرام افزودہ یورینیم عالمی تشویش کا سبب


ادھر بین الاقوامی میڈیا نے انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں سال مئی تک ایران کے پاس 408.6 کلو گرام یورینیم موجود تھا۔

رپورٹ کے مطابق ایران کے پاس اس وقت 60 فیصد افزودہ یورینیم ہے جبکہ 90 فیصد افزودہ یورینیم 10 جوہری ہتھیار بنانے کے لیے کافی ہے۔