واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست ٹیکساس ایک بار پھر قدرتی آفت کی لپیٹ میں آ گئی جہاں شدید بارشوں اور اچانک آنے والے تباہ کن سیلاب نے ریاست بھر میں تباہی مچادی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹیکساس میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کے سبب مختلف حادثات میں 28 بچوں سمیت 82 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
خبر رساں ادارے کا بتانا ہے کہ ٹیکساس کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کے سبب مکانات، گاڑیاں کئی فٹ پانی میں ڈوب گئیں، درخت گرنے سے راستے بند ہوگئے جب کہ بارشں کے سبب پانی میں پھنسے لوگوں کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے نکالا جا رہا ہے ۔
رپورٹس کے مطابق سمر کیمپ میں موجود10 لڑکیاں اور ایک کونسلر سمیت 41 افراد اب بھی لاپتا ہیں جن کی تلاش جاری ہے، لاپتا افراد کی تلاش کے لیے ہیلی کاپٹرز ، کشتیاں اور ڈرونز کا استعمال کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سیلاب سے متاثرہ ریاست ٹیکساس کی کیر کاؤنٹی کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے۔