حوثیوں کا حملہ، اسرائیل جانے والا ایک اور بحری جہاز ڈوب گیا، 4 افراد ہلاک، 15 لاپتا

Published On 10 July,2025 09:15 am

صنعا: (ویب ڈیسک) یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے بحر احمر میں کیے گئے ایک اور مہلک حملے میں لائبیریا کے پرچم بردار کارگو جہاز ایٹرنٹی سی کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز ڈوب گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس حملے میں کم از کم چار افراد ہلاک ہو گئے اور 15 افراد تاحال لاپتا ہیں، یورپی یونین کی بحری فورس کے مطابق 6 عملے کے افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔

حملہ پائلٹ کشتی اور میزائلوں کے ذریعے کیا گیا، جس کی ذمہ داری حوثی گروپ نے قبول کی ہے۔

گروپ کے ترجمان یحییٰ سریع نے دعویٰ کیا کہ یہ کارروائی فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر کی گئی تاکہ اسرائیل پر دباؤ بڑھایا جا سکے کہ وہ غزہ پر حملے بند کرے، جہاز اسرائیل کی جانب جا رہا تھا۔

حوثیوں کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں حملے کے مناظر، دھماکوں کی آوازیں اور عملے کو نکالنے کے اعلانات شامل ہیں، گروپ کا کہنا ہے کہ انہوں نے کچھ افراد کو طبی امداد فراہم کر کے محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

دوسری جانب امریکی مشن برائے یمن نے حوثیوں پر بچ جانے والے کئی عملے کے افراد کو اغوا کرنے کا الزام عائد کیا ہے اور ان کی فوری، غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

برطانوی بحریہ کے زیر انتظام یو کے ایم ٹی او اور سیکیورٹی فرم ایمبری کے مطابق جہاز کو شدید نقصان پہنچا اور وہ یمن کے شہر الحدیدہ کے ساحل کے قریب ڈوب گیا، جو حوثیوں کے زیر کنٹرول علاقہ ہے۔