ٹرمپ نے یورپی یونین اور میکسیکو سے درآمدی مصنوعات پر 30 فیصد ٹیکس عائد کردیا

Published On 12 July,2025 10:28 pm

واشنگٹن :(دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی یونین اور میکسیکو سے درآمد کی جانے والی مصنوعات پر 30 فیصد تجارتی ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کر دیا۔

صدر ٹرمپ نے اس فیصلے سے متعلق تفصیلات سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر کیں جس کے مطابق یہ ٹیکس یکم اگست 2025 سے نافذ العمل ہوگا۔

اس اعلان کے ردعمل میں یورپی یونین کی صدر ارسلا وان ڈیر لین نے سخت موقف اپناتے ہوئے کہا کہ اگر امریکا نے یہ ٹیکس نافذ کیا تو یورپی یونین اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے جوابی اقدامات کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین امریکی حکام کے ساتھ تجارتی معاہدوں پر بات چیت جاری رکھنے کے لیے بھی تیار ہے۔

واضح رہے کہ ٹرمپ کی جانب سے ماضی میں بھی متعدد ممالک پر بھاری تجارتی محصولات عائد کیے جا چکے ہیں جن میں میانمار اور لاؤس پر 40 فیصد، جنوبی افریقا، سری لنکا، الجزائر، عراق اور لیبیا پر 30 فیصد، جاپان، جنوبی کوریا، ملائیشیا، قازقستان، برونائی اور مالدووا پر 25 فیصد جبکہ فلپائن پر 20 فیصد ٹیکس شامل ہیں۔