نئی دہلی: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 25 فیصد ٹیرف لگانے پر بھارت اپوزیشن جماعت کانگریس نے مودی سرکار پر کڑی تنقید کی۔
بھارتی کانگریس نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر25 فیصد ٹیرف لگا دیا، جرمانہ بھی لگایا، نریندر مودی نے ٹرمپ کیلئے مہم چلائی، اب کی بارٹرمپ سرکار جیسے نعرے بھی لگائے گئے۔
کانگریس رہنماؤں نے کہا کہ برسوں سے بچھڑے بھائیوں کی طرح ٹرمپ کو گلے بھی لگایا، بدلے میں امریکی صدر نے بھارت پر سخت ٹیرف لگا دیئے، یہ بھارتی خارجہ پالیسی کی ہولناک ناکامی ہے، پوری قوم ایک شخص کی دوستی کے نتائج بھگت رہی ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یکم اگست سے بھارت کو 25 فیصد ٹیرف دینا ہوگا، بھارت نے ٹیرف ادا نہ کیا توبھاری جرمانہ ادا کرنا ہوگا، امریکا بھارت سے اس سے قبل 14.26 فیصد ٹیرف وصول کررہا تھا۔
امریکی صدر نے کہا تھا کہ بھارت نے دوست ہونے کے باوجود ہم سے کم کاروبار کیا، بھارت دنیا میں سب زیادہ ٹیرف وصول کرتا ہے مگر ہمیں کم دیتا تھا، ٹرمپ نے کہا تھا کہ بھارت نے ہمیشہ فوجی سازوسامان کے بڑے سودے روس سے کئے، بھارت چین کے ساتھ ساتھ روس توانائی کا سب سے بڑا خریدار ہے۔
امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ کہ بھارت ٹیرف کے ساتھ ساتھ جرمانہ بھی ادا کرے گا جو یکم اگست سے لاگو ہوگا، بھارت کی تجارتی رکاوٹیں بھی سخت ترین اور ناپسندیدہ ہیں۔