غزہ میں خونریزی کا نیا سلسلہ شروع، 11 فلسطینی شہید، ہزار سے زائد زخمی

Published On 02 August,2025 05:54 pm

غزہ: (دنیا نیوز) صیہونی افواج نے غزہ میں خونریزی کا نیا سلسلہ شروع کر دیا، ایک دن میں 111 فلسطینی شہید، 1 ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔

عرب میڈیا کے مطابق جنگ کے ساتھ ساتھ غزہ میں انسانی المیہ بھی شدت اختیار کرنے لگا، بھوک اور افلاس کا شکار مزید 39 فلسطینی جان کی بازی ہار گئے۔

غذائی قلت سے اب تک 93 بچوں سمیت 169 افراد شہید ہو چکے ہیں، خان یونس میں اسرائیلی بمباری میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد شہید ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق غزہ کے شجاعیہ محلے میں اسرائیلی بربریت میں 13 امدادی کارکن کو نشانہ بنایا گیا۔

خوراک اور ادویات کی شدید قلت نے لاکھوں لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے، شہدا کی مجموعی تعداد 60 ہزار 430 ہوگئی، 1 لاکھ 48 ہزار 722 فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوجی کارروائیوں اور انسانی بحران نے غزہ کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا، بین الاقوامی اداروں سے مسلسل جنگ بندی اور انسانی امداد کی فوری فراہمی کی اپیل کی گئی ہے۔