واشنگٹن: (دنیا نیوز) ٹائٹن آبدوز حادثہ کس کی غلطی سے ہوا؟ امریکی کوسٹ گارڈ کی رپورٹ میں سنسنی خیز انکشافات سامنے آگئے۔
امریکن کوسٹ گارڈ کے مطابق سانحہ کی وجہ کمپنی کی ہولناک غلطیاں، دھونس اور غفلت ہے، آبدوز ٹائٹن کا حفاظتی معیار انتہائی ناقص تھا، آبدوز کا بنیادی ڈیزائن ہی کمزور اور خطرناک تھا۔
امریکی کوسٹ گارڈ کے مطابق ڈیزائن کوماہرین کی منظوری کے بغیر استعمال کیا گیا، اوشن گیٹ نے اہم حفاظتی معائنے جان بوجھ کر نظرانداز کیے، کمپنی نے بارہا اندرونی خامیوں کو چھپایا اور عوام یا حکام کو سچ نہیں بتایا۔
رپورٹ کے مطابق آبدوز کی دیکھ بھال، جانچ اور حفاظت کیلئے انجینئرنگ پروٹوکول پر عمل نہيں کیا گیا، کمپنی کے سربراہ اسٹاکٹن رش کو اس سانحے کا براہ راست ذمہ دار قرار دیا گیا۔
امریکی کوسٹ گارڈ کے مطابق اگر اسٹاکٹن رش حادثے میں ہلاک نہ ہوتے تو ان پر مجرمانہ مقدمہ چلتا، انتظامی امور میں مجرمانہ غفلت اس کی تباہی کا باعث بنی۔
واضح رہے کہ جون 2023 میں اوشن گیٹ کی ٹائٹن آبدوز ٹائی ٹینک کا ملبہ دیکھنے گئی تھی، آبدوز پھٹنے سے پاکستانی باپ بیٹےسمیت 5 افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔