واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ روسی صدرپیوٹن سے ملاقات جمعہ کو الاسکا میں ہوگی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل پلیٹ فارم ’ٹروتھ‘ پر ایک پوسٹ میں ملاقات کا اعلان کیا اور کہا کہ مزید تفصیلات آگے آئیں گی، ان کا کہنا ہے کہ ملاقات 15 اگست 2025ء کوامریکا کی عظیم ریاست الاسکا میں ہوگی، یہ ملاقات یوکرین تنازع کے دیرپاامن تک پہنچنے کے حوالے سے ہوگی۔
کریملن کے معاون نے امریکی صدرروسی صدر کے درمیان ملاقات طے پانے کی بھی تصدیق کر دی۔
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان دنیا میں کئی دہائیوں سے جاری تنازعات کو ختم کرنے کے لئے ایک فریم ورک کا اعلان کرنے کے بعد وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے یہ بتانے سے انکار کر دیا تھا کہ وہ صدر پیوٹن سے کب اور کہاں ملاقات کریں گے، لیکن وہ جلد ہی کسی مقام کا اعلان کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی تجویز کیا تھا کہ روسی رہنما کے ساتھ ان کی ملاقات یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے ساتھ کسی بھی قسم کی بات چیت سے پہلے ہو سکتی ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ ہم روس کے ساتھ میٹنگ کرنے جا رہے ہیں اور ہم ایک مقام کا اعلان کریں گے۔ میرے خیال میں وہ مقام بہت مقبول ہو گا۔
یاد رہے کہ اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ ملاقات 2021 کے بعد پہلی امریکی روس سربراہی ملاقات ہو گی، جب سابق صدر جو بائیڈن نے جنیوا میں پیوٹن سے ملاقات کی تھی، اس کا مطلب جنگ کے خاتمے کے لیے صدر ٹرمپ کی کوششوں میں ایک پیش رفت ہو سکتی ہے، حالانکہ اس بات کی کوئی گارنٹی نہیں ہے کہ اس سے لڑائی رک جائے گی کیونکہ ماسکو اور کیف امن کے لیے اپنی شرائط پر بہت دور ہیں، ماسکو سے فوری طور پر ملاقات کے تعلق سے کوئی تصدیق نہیں ہوئی۔