واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر نے ایک اور امن معاہدہ کرا دیا، آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان مکمل جنگ بندی معاہدے پر دستخط کرا دیئے۔
امریکی صدر نے آذربائیجان اور آرمینیا کے سربراہان کے ساتھ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ آذربائیجان اور آرمینیا تجارت اور معیشت کو ترجیح دیں گے، توانائی، تجارت اور ٹیکنالوجی میں دونوں ملکوں سے دو طرفہ معاہدہ ہوگا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں جنگیں نہیں چاہتا، امن اور تجارت چاہتا ہوں، روس سے ڈیل آخری مرحلے میں ہے، صدر پیوٹن اور زیلنسکی سے جلد ملاقات ہوگی، روس اور یوکرین اب امن چاہتے ہیں۔
امریکی صدر نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ بندی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملک بڑی جنگ کی طرف جارہے تھے، کہا لڑائی نہیں تجارت کرو، پاکستان اور بھارت کے رہنماؤں نے دانشمندی کا مظاہرہ کیا، امریکی صدرکا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی معاہدوں میں اے آئی ڈیلز شامل رہیں گی۔
صدر ٹرمپ نے آذر بائیجان کے ساتھ فوجی تعاون پر عائد پابندیاں ہٹا دیں، آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے کہا آج تاریخی دن ہے، امن کیلئے نیا راستہ کھلا ہے، امریکا کے ساتھ سٹریٹجک پارٹنرشپ کا آغاز کریں گے، آرمینیا کے سربراہ نے صدر ٹرمپ کے دنیا میں امن کے کردار کو سراہا۔