برطانیہ: فلسطین ایکشن پر پابندی کے خلاف مظاہرے، 466 افراد گرفتار

Published On 10 August,2025 08:40 am

لندن: (دنیا نیوز) برطانوی پولیس نے فلسطین ایکشن گروپ پر حکومتی پابندی کے خلاف احتجاج کرنے والے 466 افراد کو گرفتار کر لیا۔

میٹرو پولیٹن پولیس کے مطابق مرکزی لندن میں مظاہرے سے پہلے دیگر برطانوی شہروں سے بھی پولیس بلائی گئی تاکہ ایک اہم سکیورٹی انتظام یقینی بنایا جا سکے۔

مظاہرہ پارلیمنٹ سکوائر میں ہوا جہاں منتظمین کے مطابق تقریباً ایک ہزار افراد شریک ہوئے، پولیس نے اندازہ لگایا کہ شرکاء کی تعداد 500 سے 600 تھی۔

دی گارڈین کے مطابق گرفتاریاں زیادہ تر ان افراد کی ہوئیں جن کے پاس ایسے پلے کارڈ یا بینر تھے جن پر فلسطین ایکشن کی حمایت درج تھی۔

پولیس نے مزید آٹھ افراد کو دیگر جرائم میں حراست میں لیا جن میں پانچ اہلکاروں پر حملے کے الزامات بھی شامل ہیں، زیادہ تر گرفتار شدگان کو موقع پر ضمانت دے کر رہا کر دیا گیا۔

برطانوی وزیر داخلہ یویٹ کوپر نے اس اقدام کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی عدم تشدد پر مبنی تنظیم نہیں ہے، برطانیہ کی قومی سلامتی اور عوامی تحفظ ہماری پہلی ترجیح ہے۔