ایتھنز: (دنیا نیوز) یونان کے دارالحکومت میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف بڑی ریلی نکالی گئی۔
شہریوں نے فلسطینی بچوں کی تصاویر اٹھا کر ریلی میں شرکت کی، مظاہرین نے نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل غزہ میں حملے بند کرے، مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل غزہ میں خون کی ہولی کھیل رہا ہے، دنیا جبر کے خلاف کھڑی ہو۔
واضح رہے کہ اسرائیلی سکیورٹی کابینہ کی طرف سے منظور شدہ نئے منصوبے کے تحت غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لئے پانچ اصولوں کی فہرست دی گئی ہے، جن میں سے ایک علاقے کا سکیورٹی کنٹرول سنبھالنا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کی رپورٹوں میں بھی کہا گیا تھا کہ اس منصوبے میں ابتدائی طور پر غزہ شہر کا مکمل کنٹرول حاصل کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے اور اس کے تحت اسرائیلی حکومت تقریباً دس لاکھ باشندوں کو مزید جنوب کی جانب منتقل کرنے جا رہی ہے۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ منصوبہ عالمی عدالتِ انصاف کے اس فیصلے کے خلاف ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کو دو ریاستوں کے متفقہ حل اور فلسطینیوں کے حق خودارادیت کے لیے جلد از جلد اپنے قبضے کو ختم کرنا چاہئے۔