چاہتا ہوں دنیا میں جنگ نہیں، امن ہو اور سب تجارت کریں: ڈونلڈ ٹرمپ

Published On 18 August,2025 11:07 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ چاہتا ہوں کہ تمام جنگیں ختم ہوں، دنیا میں امن ہو اور سب تجارت کریں۔

وائٹ ہاؤس میں یوکرینی صدر زیلنسکی سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، جنگوں کے دوران ہزاروں بے گناہ افراد مارے جاتے ہیں، امن کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے یوکرین اور سب کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا یوکرین جنگ سے تھک چکی ہے، پوری دنیا چاہتی ہے کہ امن ہو، ہم دیرپا امن کے لیے اقدامات کررہے ہیں، سب کو صورتحال کا علم ہے حال ہی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑی جنگ رکوائی۔

یہ بھی پڑھیں: یوکرینی صدر کی وائٹ ہاؤس آمد، ڈونلڈ ٹرمپ اور یورپی رہنماؤں سے ملاقات

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میری روسی صدر سے ملاقات ہوئی اور ہم نے جنگ بندی کیلئے بات چیت کی، اگر سب کچھ ٹھیک ہو گیا تو ہم سہ فریقی اجلاس کریں گے،آج ہمارے پاس دنیا کے 9 اہم ترین رہنما آئے ہیں، ہمارے پاس جنگ بندی کی بہت معقول وجہ ہے، یقین ہے کہ روسی صدر پوٹن جنگ ختم کرنا چاہتے ہیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ یوکرین کے لوگوں کی خوشحالی چاہتے ہیں، یہ جنگ جوبائیڈن کی لگائی ہے، میں نے نہیں، اور میں بہت کوشش کر رہا ہوں کہ یہ سب ختم ہو جائے، نہیں چاہتا کہ معاملہ سال دو سال کے لیے حل ہو اور پھر لڑائی شروع ہو جائے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی پر مسلسل نظر رکھی ہوئی ہے: امریکا

اس موقع پر یوکرینی صدر زیلنسکی نے کہا کہ میری بیوی نے آپ کیلئے یہ خط لکھا ہے، ہم آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ آپ نے ہمیں ملاقات کو وقت دیا، سہ فریقی اجلاس کیلئے تیار ہوں، ہمیں جنگ ختم کرنی ہے اور ہمیں اس کیلئے دوسروں کی مدد کی ضرورت ہے۔

یوکرینی صدر نے کہا کہ جنگ کے خاتمے کے لیے صدر ٹرمپ کے سفارتی راستے کی حمایت کرتے ہیں، ہمیں جنگ کے خاتمے کی حمایت کرنی چاہیے۔

خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ روس یوکرین جنگ رُکوانے کے مشن پر ہیں، وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی یوکرینی صدر زیلنسکی اور یورپی رہنماؤں سے ملاقات ہوئی۔

پچھلے ہفتے صدر ٹرمپ نے الاسکا میں روسی صدر پوتن سے ملاقات کی تھی، آج کی ملاقات سے پہلے ٹرمپ نے زیلنسکی کو جنگ بندی کی شرائط سے آگاہ بھی کردیا۔