یوکرینی صدر کی وائٹ ہاؤس آمد، ڈونلڈ ٹرمپ اور یورپی رہنماؤں سے ملاقات

Published On 18 August,2025 09:52 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کی وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ٹرمپ اور یورپی رہنماؤں سے اہم ملاقات ، یوکرین روس جنگ کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں آج ایک بڑا سفارتی دن رہا جہاں صدر ٹرمپ نے یوکرینی ہم منصب ولادیمیر زیلنسکی اور متعدد یورپی رہنماؤں کا پُرتپاک استقبال کیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس بات کا اعتراف اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں بھی کیا، انہوں نے لکھا کہ آج وائٹ ہاؤس میں بڑا دن ہے، ہم نے ایک ہی وقت میں کبھی اتنے زیادہ یورپی رہنماؤں کی میزبانی نہیں کی۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ یہ امریکا کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے! دیکھتے ہیں اس کے نتائج (روس یوکرین جنگ کے خاتمے سے متعلق) کیا نکلتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی میڈیا جعلی، یوکرین جنگ پر معاہدہ کروں تب بھی تنقید کرے گا: ٹرمپ

اس موقع پر یوکرینی صدر زیلنسی نے کہا کہ تبدیلی امن مذاکرات میں اب کوئی فوری جنگ بندی نہیں، ڈونباس پر کسی قسم کی علاقائی قربانی نہیں دینگے، یوکرین کا مستقبل یورپ اور امریکا کی حمایت پر منحصر ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر نے یوکرینی ہم منصب سے ملاقات سے قبل بیان دیا ہے کہ اگر روس یوکرین جنگ کا خاتمہ کرنا ہے تو زیلنسکی کو روس کی کچھ شرائط ماننی ہوں گی۔

صدر ٹرمپ کے بقول روس کی ان شرائط میں یوکرین کا کریمیا سے ملکیت کا دعویٰ واپس لے کر اسے مستقل طور پر روس کا حصہ تسلیم کرنا اور کبھی بھی نیٹو میں شامل نہ ہونے کا عہد کرنا شامل ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ایک غیر معمولی ملاقات ہوئی تھی۔