یورپی یونین یوکرین میں امن کے خلاف ہے: روسی وزیر خارجہ

Published On 25 August,2025 02:46 am

ماسکو: (دنیا نیوز) روسی وزیر خارجہ سرگئی لارؤف کا کہنا ہے کہ یورپی یونین یوکرین میں امن کے خلاف ہے۔

روسی وزیر خارجہ سرگئی لارؤف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یورپ جنگ بندی کے لئے امن مذاکرات میں رکاوٹیں کھڑی کر رہا ہے، صدر ٹرمپ نے روس اور یوکرین میں دوطرفہ تعلقات کے مثبت کردار ادا کیا۔

روسی وزیر خارجہ نے یوکرینی صدر زیلنسکی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یوکرینی اتھارٹی الاسکا میں پیوٹن اور ٹرمپ کے طے کردہ لائحہ عمل کو متاثر کررہی ہے۔

واضح رہے کہ امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل نے رپورٹ دی ہے کہ پینٹاگون نے یوکرین کو امریکی ساختہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کے ذریعے روسی سرزمین پر حملے کرنے سے روک دیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ یہ پالیسی رواں سال بہار سے نافذ ہے اور ایک موقع پر واشنگٹن نے کیف کی درخواست مسترد بھی کی تھی، اخبار نے اس فیصلے کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی امن کوششوں سے جوڑا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ٹرمپ نے الاسکا میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے 2019 کے بعد پہلی ملاقات کی، جس کے بعد واشنگٹن میں یوکرین، نیٹو، یورپی یونین اور یورپی ممالک کے رہنماؤں سے بھی بات چیت کی تھی۔

ٹرمپ نے کہا تھا کہ یوکرین روس کو نشانہ بنائے بغیر جنگ نہیں جیت سکتا، تاہم انہوں نے ماسکو اور کیف دونوں پر زور دیا کہ جلد از جلد امن معاہدے پر پہنچیں۔

یہ بھی یاد رہے کہ ٹرمپ ماضی میں یوکرین کو دی جانے والی غیر مشروط فوجی امداد پر بھی تنقید کر چکے ہیں اور فروری میں صدر زیلنسکی پر تیسری عالمی جنگ کا خطرہ مول لینے کا الزام عائد کیا تھا۔

ادھر روس نے خبردار کیا ہے کہ یوکرین کو ہتھیار فراہم کرنے والے مغربی ممالک دراصل جنگ میں براہِ راست شریک ہیں، ماسکو نے پائیدار جنگ بندی کے لیے غیر ملکی فوجی امداد کے خاتمے کو اپنی بنیادی شرط قرار دیا ہے۔