اسرائیل نے غزہ میں ایک اور بلند عمارت تباہ کردی، حملوں میں مزید 87 فلسطینی شہید

Published On 08 September,2025 04:12 am

غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیل نے غزہ کونشانے پر لے لیا، شہر کی ایک اور بلند عمارت کو تباہ کردیا، 3روز میں3عمارتوں کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا۔

صیہونی فورسز کے عمارتوں، بے گھر فلسطینیوں کی پناہ گاہوں پر حملے جاری رہے، اسرائیلی حملوں میں مزید 87 فلسطینی شہید اور 409زخمی ہوگئے، شہدا میں امداد کے منتظر 16 فلسطینی بھی شامل ہیں، بھوک اور قحط سےمزید 6 فلسطینی جان کی بازی ہار گئے۔

شہدا کی تعداد 64 ہزار سے بڑھ گئی،1 لاکھ 62 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے، غزہ میں خوراک، صاف پانی اور ادویات نایاب ہوگئیں، جنگ بندی کیلئے اسرائیل نے ایک بار پھر حماس سے ہتھیار ڈالنے کی شرط رکھ دی، یرغمالیوں کو رہا کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

حماس نے ہتھیار ڈالنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل جنگ روکے اور غزہ سے نکل جائے تو تمام یرغمالی رہا کر دیں گے۔