واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ تجارتی رکاوٹیں دورکرنےکیلئے بھارت اور امریکا کی بات چیت جاری ہے۔
گزشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی وزیراعظم مودی کو کئی بار تنقید کا نشانہ بنانے کے بعد دوست قرار دیا تھا اور اب انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی رکاوٹیں دور کرنے کے لیے مذاکرات کا انکشاف کیا ہے۔
امریکی صدر نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پربیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اپنے بہترین دوست وزیراعظم مودی سے آنے والے ہفتوں میں گفتگو کا منتظر ہوں، یقین ہے 2 عظیم ممالک کے لیے کامیاب نتیجے پر پہنچنا مشکل نہیں ہوگا۔
ٹرمپ کے بیان کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی سوشل میڈیا پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ،میں بھی صدرٹرمپ سے بات کرنےکا منتظر ہوں ، بھارت امریکا قریبی دوست اور فطری شراکت دار ہیں، یقین ہےبات چیت تجارتی شراکت داری کے لامحدود امکانات کی راہ ہموار کرے گی۔
— Narendra Modi (@narendramodi) September 10, 2025
بھارتی وزیر اعظم نے کہا کہ امریکا بھارت گفت وشنید کو جلد مکمل کرنے کے لیے ہماری ٹیمیں کام کر رہی ہیں، دونوں ممالک کےعوام کےخوشحال اورروشن مستقبل کےلیےمل کرکام کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ سے امریکا اور بھارت کے تعلقات میں سرد مہری ہے او رصدر ٹرمپ مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔
بھارت کی جانب سے امریکا کے ساتھ تجارتی ڈیل فائنل نہ کرنے کے بعد امریکی صدر ٹرمپ نے بھارت پرٹیرف 50 فیصد کیا جب کہ ٹرمپ وقتاً فوقتاً پاک بھارت جنگ میں اپنے کردار کا ذکر کرتے رہتے ہیں جس سے بھارت انکاری ہے۔
ٹرمپ نے بھارت سے تجارتی معاملات پر کہا تھا کہ بھارت نے اپنے محصولات کو صفر کرنے کی پیشکش کی ہے لیکن اب بہت دیر ہوچکی، یہ پیش کش کئی سال پہلے کر دینی چاہیے تھی، امریکی صدر نے مودی سرکار کو واضح پیغام دیا تھا کہ اُن کا بھارت پر عائد ٹیرف کم کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں۔