پیرس: (ویب ڈیسک) فرانس کا کہنا ہے کہ روس پر نئی پابندیاں لگانے کیلئے امریکا سے مشاورت کر لی ہے۔
فرانس نے کہا ہے کہ روس کے خلاف یورپی یونین کی انیسویں پابندیوں کا پیکیج جلد منظور کیا جائے گا جو کہ پہلی بار امریکہ کے ساتھ مکمل ہم آہنگی سے تیار کیا گیا ہے۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فرانس کے وزیر خارجہ ژاں نویل بَرو نے کہا کہ وسیع تر پابندیوں کا نیا پیکیج امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اقتدار میں واپسی کے بعد پہلی مرتبہ امریکا کے ساتھ ہم آہنگ ہو کر تیار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 19 ستمبر کو یورپی کمیشن کی صدر اُرسلا فان ڈیر لیین نے پابندیوں کے اس نئے پیکیج کی تجاویز پیش کی تھیں، مجوزہ اقدامات میں جنوری 2027 سے روسی مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی درآمد پر پابندی بھی شامل ہے، ساتھ ہی کرپٹو کرنسیز اور بینکاری نظام کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ یورپی کمیشن برائے معیشت کے رکن والڈِس ڈومبرووسکس نے واضح کیا کہ نئی پابندیوں میں روسی تیل کی خریداری پر کوئی نئی پابندیاں شامل نہیں، باوجود اس کے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس حوالے سے سخت مؤقف اختیار کیا تھا۔
دوسری جانب روسی وزارتِ خارجہ کے یورپی امور کے سربراہ ولادیسلاو ماسلینیکوف کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کی نئی تجاویز اس بات کا ثبوت ہیں کہ یورپی پابندیوں کی پالیسی اب اپنی حد کو پہنچ چکی ہے اور اس میں کوئی نئی تاثیر باقی نہیں رہی۔