اسرائیلی فورسز کی غزہ میں بربریت جاری، 40 فلسطینی شہید، جبری انخلا کا حکم

Published On 28 September,2025 11:10 pm

غزہ: (ویب ڈیسک) اسرائیلی فوج کے حملوں میں مزید 40 فلسطینی شہید ہوگئے، صہیونی فوج نے غزہ سٹی کے کچھ علاقوں کی آبادی کیلئے ہنگامی جبری انخلا کا حکم جاری دیا، جنوبی لبنان پر بھی اسرائیلی فضائیہ نے بمباری کی۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آج صبح سےاب تک اسرائیلی فوج کے حملوں میں مزید 40 فلسطینی شہید ہوگئے، آج شہید ہونےو الے افراد میں سے 10 نُصیرات پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی بمباری کا نشانہ بنے، جبکہ 15 افراد غزہ سٹی میں شہید ہوئے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کے ترجمان آویخائی ادرعی نے غزہ سٹی کے رہائشی علاقوں رِمال، صبرا، بندرگاہ کے علاقے اور بیروت اسٹریٹ کے کچھ حصوں کے رہائشیوں کے لیے ’ہنگامی‘ جبری انخلا کا حکم جاری کیا ہے۔

ایک سیٹلائٹ نقشے پر ایک عمارت دکھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فوج ’ جلد ہی اس عمارت پر حملہ کرے گی‘ اور دعویٰ کیا کہ ’اس کے اندر یا قریب حماس کی دہشت گردی کی ڈھانچہ بندی موجود ہے‘، تاہم اس کا کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا۔

ادرعی نے کہا کہ ’اپنی حفاظت کے لیے آپ پر لازم ہے کہ فوراً عمارت خالی کریں اور جنوب کی طرف الان مواصی کے انسانی ہمدردی کے علاقے کی طرف چلے جائیں۔‘

جن فلسطینیوں نے پہلے ہی جنوب کا رخ کیا تھا ان کا کہنا ہے کہ وہاں اب کوئی پناہ گاہ یا محفوظ جگہ باقی نہیں رہی کیونکہ حالیہ ہفتوں میں رفح، خان یونس اور جنوب مشرقی غزہ کے بیشتر حصوں میں اسرائیلی فوجیں متواتر بمباری کر رہی ہیں۔