تہران: (ویب ڈیسک) ایران نے اقوام متحدہ کی طرف سے پابندیوں کا دوبارہ نفاذ غیر منصفانہ قرار دے دیا۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے کہا کہ ہم کسی بھی ایسے جوہری مذاکرات کو مسترد کرتے ہیں جو نئے مسائل پیدا کرنے کا باعث ہوں، انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ واضح معیار پر مبنی منطقی اور منصفانہ بات چیت کے لئے اپنی آمادگی پر زور دیا ہے لیکن ہم ایسے مذاکرات کو کبھی بھی قبول نہیں کریں گے جو ہمارے لیے نئے مسائل کا باعث بنیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ منسوخ قراردادوں کو دوبارہ فعال کرنا قانونی عمل کی صریح خلاف ورزی ہے، ایسا کرنے کی کوئی بھی کوشش کالعدم ہے، ایران نے اپنے جوہری پروگرام سے متعلق اقوام متحدہ کی پابندیوں کے دوبارہ نفاذ کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مضبوط اور مناسب جواب دینے کا وعدہ کیا۔
ایرانی وزارت خارجہ نے اعلان کیا کہ ایران اپنے قومی حقوق اور مفادات کا مضبوطی سے دفاع کرے گا اور اپنے عوام کے مفادات اور حقوق کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی اقدام کا سختی اور مناسب جواب دے گا۔
ایرانی وزارت خارجہ نے پابندیوں کے دوبارہ نفاذ کی مذمت کی اور اسے قانونی عمل کی واضح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ ان پر عمل درآمد نہ کریں۔