غزہ کو بین الاقوامی فورس کے سپرد کرنا نو آبادیاتی منصوبہ ہے: فلسطین

Published On 01 October,2025 06:37 am

غزہ: (دنیا نیوز) فلسطینی رہنما مصطفیٰ برغوثی نے کہا کہ غزہ کو بین الاقوامی فورس کے سپرد کرنا نو آبادیاتی منصوبہ ہے۔

فلسطینی رہنما مصطفیٰ برغوثی نے امریکی ٹیلی وژن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی ریاست اور قبضے کے خاتمے کا ذکر تک نہیں کیا گیا، اسرائیل سست انخلا کے بہانے جنگ دوبارہ چھیڑ سکتا ہے، فلسطینی فریق کو مکمل طور پر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

مصطفیٰ برغوثی نے کہا کہ ٹونی بلیئر کا کردار ناقابل قبول ہے، ٹونی بلیئر کی عراق جنگ میں جھوٹی کہانی ابھی بھی یاد ہے، امریکی صدر کا مکمل جھکاؤ اسرائیل کی طرف ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام کو آزادانہ جمہوری انتخابات کا حق دیا جائے، اسرائیل کا غزہ میں منصوبہ نسلی صفایا ناکام ہو چکا ہے۔