’قطر پر حملہ ہوا تو امریکا جواب دیگا‘ ٹرمپ نے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کردیئے

Published On 01 October,2025 06:57 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا نے دوحا پر اسرائیلی حملے کے بعد قطر کی سلامتی کی ضمانت دیتے ہوئے کسی بھی حملے کی صورت میں فوجی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیئے ہیں جس کے مطابق قطر پر حملہ ہوا تو امریکا جواب دے گا۔

ٹرمپ نے کہا کہ قطر کے دفاع کیلئے فوجی کارروائی سمیت تمام اقدامات کریں گے، قطر امن، استحکام اور خوشحالی کی جدوجہد میں امریکا کا ثابت قدم اتحادی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا اور قطر کے تعلقات مزید مضبوط بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور قطر قریبی فوجی تعاون اور مشترکہ مفادات کے رشتے میں جڑے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ منصوبے کے کئی نکات وضاحت، مذاکرات کے متقاضی ہیں: قطر

اسرائیلی حملے کے بعد ہونے والے عرب اور اسلامی ممالک نے بھی دوحا سربراہی اجلاس میں قطر سے یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔

ترجمان وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق امریکا نے قطر کو سیکیورٹی گارنٹی دی ہے جس کے لیے ٹرمپ نے ایگزیکٹوآرڈر پر دستخط کر دیئے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ قطر پر کسی بھی حملےکو امریکا پر حملہ تصور کیا جائے گا، قطر کی سالمیت کےتحفظ کیلئے سفارتی، معاشی اور فوجی اقدامات کیےجائیں گے، نیتن یاہو نے یقین دہانی کرائی ہےکہ قطر پر دوبارہ حملہ نہیں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: حماس نے ٹرمپ کے غزہ امن پلان میں ترمیم کا مطالبہ کر دیا

حال ہی میں اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے بعد دورہ امریکا میں صدر ٹرمپ سے ملاقات کے دوران اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے 9 ستمبر کو دوحا میں اسرائیلی حملے پر قطر کے وزیر اعظم محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی سے معافی مانگی۔