غزہ: (دنیا نیوز) غزہ میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی نہ رک سکی، ہر روز درجنوں فلسطینی اسرائیلی حملوں کا نشانہ بن رہے ہیں۔
24 گھنٹے کے دوران غزہ میں صیہونی بربریت میں 51 فلسطینی شہید، 180 زخمی ہوئے، غزہ شہر کے الشرقی دراج علاقے میں فضائی حملہ میں 7 فلسطینی شہید ، متعدد زخمی ہوئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کے نصیرات، بوریج اور المواسی کیمپ پر حملے میں متعدد افراد شہید ہوئے، دیرالبلاح میں بچوں سمیت 4 فلسطینی اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے۔
امداد کے متلاشی متعدد فلسطینی بھی صیہونی فوج کی فائرنگ کا نشانہ بنے، بچوں اور خواتین سمیت سیکڑوں افراد زخمی ہوئے جس سے ہسپتالوں پر بوجھ بڑھ گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی شہدا کی مجموعی تعداد 66 ہزار 148 ہوگئی، 1 لاکھ 68 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، اسرائیلی بمباری سے غزہ کا انسانی بحران مزید شدت اختیار کر گیا۔