ٹرمپ امن کے خواہاں، حماس اسرائیل معاہدہ نہ ہوا تو امریکا متبادل فارمولا پیش کریگا: وائٹ ہاؤس

Published On 06 October,2025 11:28 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا نے خبردار کیا ہے کہ اگر حماس اور اسرائیل غزہ جنگ کے خاتمے کے لیے کسی معاہدے پر متفق نہ ہوئے، تو امریکی حکومت اپنا متبادل فارمولہ پیش کرے گی تاکہ خطے میں فوری جنگ بندی اور امن کی راہ ہموار کی جا سکے۔

امریکا کی وائٹ ہاؤس پریس سیکرٹری کیرولائنا لیوٹ نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ اس معاملے میں مکمل طور پر شامل ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ یرغمالیوں کی رہائی جلد از جلد ممکن بنائی جائے۔

انہوں نے کہا صدر ٹرمپ غزہ میں امن کے خواہاں ہیں اور اگر فریقین کسی معاہدے پر نہیں پہنچے تو ہم اپنی طرف سے ایک ٹھوس اور قابلِ عمل فارمولہ پیش کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ امن منصوبے پر تیزی سے آگے بڑھیں: ٹرمپ کا فریقین پر زور

وائٹ ہاؤس کے مطابق، اس وقت غزہ میں تکنیکی ٹیموں کے درمیان مذاکرات جاری ہیں، جن میں بنیادی توجہ اسرائیلی یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی پر ہے۔ کیرولائنا لیوٹ نے مزید کہا کہ ”یرغمالیوں کی رہائی کے بعد ہماری اگلی ترجیح مستقل امن کے قیام کی ہوگی۔“

واضح رہے کہ مصر کے ساحلی شہر شرم الشیخ میں غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق مذاکرات کا آغاز ہو چکا ہے، جن میں اسرائیل اور حماس کے وفود شریک ہیں۔ یہ بات چیت امریکا کی طرف سے پیش کردہ امن منصوبے کے تحت ہو رہی ہے۔