بیجنگ :(دنیا نیوز) چین نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان جھڑپوں اور کشیدہ تعلقات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
چینی وزارت خارجہ وانگ ژی نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی پر گہری نظر ہے،پاکستان اور افغانستان چین کے دوست اور ایک دوسرے کے ہمسایہ ممالک ہیں، دونوں کا طویل المدتی اور بنیادی مفاد اسی میں ہے کہ اچھے ہمسایہ کی طرح تعلقات کو فروغ دیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ معاشی و سماجی ترقی کا تعاقب کریں اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ طور پر کام کریں،چین امید کرتا ہے دونوں ممالک مفادات کو مدنظر رکھ کر تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں، ایک دوسرے کے خدشات کو بات چیت اور مشاورت کے ذریعے حل کریں۔
دوسری جانب چینی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کشیدگی میں اضافے سے گریز کریں، خطے میں امن و استحکام کیلئے مل کر کام کریں۔
پاکستان پر ایک بار پھر اعتماد، امریکا سے تعلقات پر اطمینان کا اظہار
وانگ ژی کا کہنا تھا کہ پاکستان کیساتھ چین کی دوستی آہنی ہے، امریکی تعلقات سے چینی مفادات متاثر نہیں ہوں گے، پاکستان کے ساتھ اسٹریٹیجک اعتماد اور شراکت داری برقرار ہے، پاکستان نے ریئر ارتھ نمونے امریکا کو دکھانے کی رپورٹس کو غلط قرار دیا۔
اُنہوں نے کہا کہ ایسی خبریں پاک چین دوستی کو کمزور کرنے کی کوشش ہیں،بعض میڈیا رپورٹس جھوٹ پر مبنی یا بدنیتی سے پھیلائی گئیں، پاکستان نے امریکی تعاون پر مکمل شفافیت سے اعتماد میں لیا۔
چینی وزارتِ خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان کے ساتھ دوستی آزمائش میں کامیاب رہی ، افواہوں پر یقین نہ کریں،چین کے ریئر ارتھ ایکسپورٹ کنٹرول اقدامات کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔