گورنر بلوچستان سے چینی قائم مقام سفیر کی ملاقات، باہمی امور پر تبادلہ خیال

Published On 13 October,2025 09:32 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل سے پاکستان میں تعینات چین کے قائم مقام سفیر شی یانکینگ نے ملاقات کی۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات بلوچستان ہاؤس اسلام آباد میں ہوئی،ملاقات میں پاک چین تعلقات، سی پیک منصوبوں ، سیاسی صورتحال اور دیگرامور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ مشترکہ خوشحال مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست اور بہترین ہمسایہ ہے، میگا پراجیکٹ سی پیک پورے خطے کی اقتصادی ترقی کیلئے گیم چینجر ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کی تکمیل سے اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، جعفر مندوخیل نے چین کو بلوچستان میں فنی و تیکنیکی تعلیم پر تعاون کی تجویز پیش کی۔

علاوہ ازیں گورنر بلوچستان نے چینی سرمایہ کاروں کو بلوچستان کے زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی اورسرمایہ کاری کیلئے مکمل تحفظ کی یقین دہانی کرائی۔

اجلاس کا اختتام پر دونوں رہنماؤں کے درمیان یادگاری شیلڈز اور تحائف کے تبادلوں پر ہوا۔