غزہ: (دنیا نیوز) حماس نے غزہ امن معاہدے کے تحت مزید 2 یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کردیں۔
عالمی میڈیاکی رپورٹ کے مطابق حماس نے دونوں یرغمالیوں کی لاشوں کو ریڈ کراس کے حوالے کیا جنہوں نے لاشیں غزہ میں موجود اسرائیلی فوج کے سپرد کیں۔
حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے ایک مختصر بیان جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ وہ ٹرمپ کے منصوبے کے تحت اسرائیلی یرغمالیوں سے متعلق اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، حماس نے واضح کیاکہ انہوں نے تمام زندہ یرغمالیوں کے ساتھ ساتھ وہ لاشیں بھی اسرائیل کے حوالے کردیں جن تک رسائی ممکن تھی۔
حماس کا مزید کہنا تھا کہ یرغمالیوں کی دیگر لاشوں کے لئے بڑے پیمانے پر کوششیں اور خصوصی آلات کی ضرورت ہے تاکہ انہیں تلاش کر کے نکالا جا سکے اور ہم اس سلسلے میں بھرپور کوششیں کر رہے ہیں تاکہ یہ معاملہ جلد از جلد مکمل ہوسکے۔
یاد رہے کہ حماس اس سے قبل بھی 8 یرغمالیوں کی لاشوں کو اسرائیل کے حوالے کرچکا ہے تاہم اب مزید 2 لاشیں حوالے کردی گئیں جس کے بعد اسرائیل کو موصول ہونے والے ہلاک یرغمالیوں کی لاشوں کی تعداد 10 ہوگئی۔
ایک غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ حماس کی قید کے دوران جو یرغمالی ہلاک ہوئے وہ ممکنہ طور پرغزہ پر اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملوں کا نشانہ بنے ہیں۔