یاؤندے: (ویب ڈیسک) دنیا کے معمر ترین سربراہ مملکت پال بیا 92 سال کی عمر میں مسلسل 8 ویں مدت کے لیے کیمرون کے صدر منتخب ہوگئے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ سرکاری نتائج کے مطابق 92 سالہ پال بیا نے 53.66 فیصد ووٹ حاصل کیے، جبکہ ان کے سابق اتحادی عیسیٰ چیروما بکاری نے 35.19 فیصد ووٹ لیے۔
12 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات کے بعد جزوی اعداد و شمار سامنے آرہے تھے اور اس دوران اپوزیشن کے حامیوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں بھی ہوتی رہیں جو تاحال جاری ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، انتخابی نتائج کے بعد کشیدگی میں مزید اضافہ متوقع ہے، گزشتہ روز بھی تجارتی شہر دوالا میں جھڑپوں کے دوران کم از کم 4 افراد ہلاک ہو ئے۔
یاد رہے کہ 1960 میں فرانس سے آزادی کے بعد کیمرون کے دوسرے صدر پال بیا 1982 سے اقتدار میں ہیں، انہوں نے 2008 میں آئینی ترامیم کے ذریعے صدارتی مدت کی حد ختم کر دی تھی اور 2018 میں متنازع طور پر 71 فیصد ووٹ لے کر جیتے تھے۔



