صدی کے سب سے خطرناک سمندری طوفان ’میلیسا‘ نے جمیکا میں تباہی مچادی

Published On 29 October,2025 09:00 pm

کنگسٹن: (دنیا نیوز) صدی کے سب سے خطرناک سمندری طوفان میلیسا نے جمیکا میں تباہی مچادی، طوفان راستے میں آنے والی ہر چھوٹی بڑی شے کو توڑ پھوڑ کر آگے بڑھ گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جمیکا کے تمام قصبوں، دیہاتوں اور شہروں میں اب ہر طرف ملبے کے ڈھیر پڑے ہیں، انسان عمومی طور پر محفوظ رہے تاہم جانی نقصان کے بارے میں حتمی رپورٹیں جمع ہونے سے پہلے حکام مکمل خاموش ہیں۔

رپورٹ کے مطابق تمام علاقوں مین شہری اور امدادی کارکن مل کر ملبہ سمیٹ رہے ہیں، بہت سی عمارتوں میں طوفانی پارش کا پانی جمع ہوا، بہت سے بجلی کے کھمبے گر گئے، بہت سے علاقے بجلی اور انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی سے محروم ہو گئے ہیں۔

سمندری طوفان جمیکا میں تباہی کا راستہ بنانے کے بعد کمزور ہو کر کیٹیگری 4 تک پہنچ گیا ہے، اس کے باوجود یہ طوفان جمیکا کے بعد کیوبا میں تباہی مچا رہا ہے، جمیکا میں محدود مواصلات نے حکام کے پاس صرف جزوی رپورٹیں چھوڑی ہیں، وہ نقصان کے پیمانے کا اندازہ لگانا چاہتے ہیں لیکن اس میں وقت لگ رہا ہے۔