امریکی تاریخ کا طویل ترین حکومتی شٹ ڈاؤن، ہزاروں پروازیں منسوخ ہونے کا خدشہ

Published On 07 November,2025 12:24 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے اعلان کیا ہے کہ اگر امریکی حکومت کی جانب سے شٹ ڈاؤن جاری رہا تو آنے والے دنوں میں 40 بڑے ہوائی اڈوں پر فضائی سفر میں 10 فیصد تک کمی کی جائے گی جس کے نتیجے میں ہزاروں پروازیں منسوخ ہو جائیں گی۔

فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے سربراہ نے کہا کہ یہ فیصلہ صرف ملکی پروازوں کو متاثر کرے گا ، کیونکہ ایئر ٹریفک کنٹرولرز تھکاوٹ کا شکار ہو رہے ہیں۔

حکام کے مطابق ایئر ٹریفک کنٹرولرز سے لے کر پارک وارڈنز تک تقریبا 14 لاکھ وفاقی کارکن بغیر تنخواہ کے کام کر رہے ہیں یا جبری چھٹی پر ہیں کیونکہ امریکی کانگریس نے فنڈنگ بجٹ پر اتفاق نہیں کیا ہے۔

امریکی حکومت کے طویل ترین شٹ ڈاؤن سے اٹلانٹا، نیویارک اور واشنگٹن ڈی سی کے بڑے ہوائی اڈے سروس میں کمی سے متاثر ہوں گے جو مصروف ترین ہوائی اڈے ہیں۔

لیبر یونینوں کا کہنا ہے کہ بہت سے ملازمین شدید تناؤ کی وجہ سے بیمار ہو گئے ہیں یا انہیں اپنا گزارہ پورا کرنے کے لیے دوسری ملازمتیں لینے پر مجبور کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بدھ 5 نومبر کو وفاقی حکومت کا بجٹ تعطل امریکی تاریخ کا طویل ترین شٹ ڈاؤن بن گیا۔