نئی دہلی دھماکے کے عینی شاہد دھرمندر کا اہم بیان سامنے آگیا

Published On 11 November,2025 03:33 am

نئی دہلی: (دنیا نیوز) نئی دہلی دھماکے کے عینی شاہد دھرمندر کا اہم بیان سامنے آگیا۔

عینی شاہد دھرمندر کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب وہ مخالف سمت سے گزر رہا تھا، گاڑی کے اندر چار جلی ہوئی لاشیں ملیں، باہر دو افراد ہلاک اور ایک زخمی دیکھا گیا۔

گاڑی سفید رنگ کی ماروتی تھی، نمبر پلیٹ محمد ندیم ہریانہ کی تھی، امیت شاہ اور گودی میڈیا اسے یکسر مختلف رنگ دیتا رہا، مودی سرکار ہمیشہ کی طرح حقیقت چھوڑ کر اپنی بنائی ہوئی کہانی ہی دہراتی رہی۔

واضح رہے کہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں دھماکے کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک ہو گئے تھے، بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ دھماکہ لال قلعہ میٹرو سٹیشن کے گیٹ نمبر ایک کے نزدیک کھڑی ایک گاڑی میں ہوا تھا۔

ابتدائی طور پر دھماکے کی نوعیت کے بارے میں کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی تھیں، دہلی فائر ڈیپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ دھماکے کے بعد 6 گاڑیاں اور 3 رکشے آگ کی لپیٹ میں آگئے تھے، تاہم آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ دھماکے میں ہلاک ہونے والے 9 افراد کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں، بھارتی میڈیا کا مزید کہنا تھا کہ 15 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، ابتدائی امداد جاری ہے، 3 افراد کی حالت تشویشناک ہے، ڈاکٹروں کی ٹیم مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دھماکے کے بعد دہلی میں سکیورٹی کے حوالے سے ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا تھا۔