بھارت کا چینی سرحد کے قریب متنازع خطے میں نئے ایئربیس کا افتتاح

Published On 14 November,2025 01:47 am

لداخ: (ویب ڈیسک) بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے چینی سرحد کے قریب متنازع خطے لداخ کے علاقے میں نئے ایئربیس کا افتتاح کردیا جہاں جنگی جہازوں کے آپریشنز کی سہولت ہے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی وزارت دفاع کے عہدیداروں نے بتایا کہ بھارتی ایئرفورس کے سربراہ ایئرچیف مارشل اے پی سنگھ سی-130 طیاروں میں متنازعہ خطے لداخ کے مڈھ نیوما ایئرفورس سٹیشن پہنچے جو سطح سمندر سے 13 ہزار فٹ کے بلندی پر واقع ہے۔

شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بھارتی عہدیداروں نے بتایا کہ ایئرچیف مارشل اے پی سنگھ کے طیارے نے نئے ایئربیس پر افتتاحی لینڈنگ کی، لداخ میں بنایا گیا ایئربیس اس خطے میں تیسرا کلیدی سٹیشن ہے جو چین کے ساتھ جڑی سرحد لائن آف ایکچوئیل (ایل اے سی) سے 30 کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بھارت کے سابق ایئرمارچل سنجیو کپور نے بتایا کہ لداخ میں یہ نیا ایئربیس ہے جہاں جنگی طیاروں کی لینڈنگ کی سہولت ہے اور پاکستان، چین کا نام لئے بغیر کہا کہ یہ ہمارے دونوں حریفوں کے لئے نیا چیلنج ہوگا، انہوں نے کہا کہ اس کے مقابل بلندی پر چین کی ایئرفیلڈ بھی قائم ہے۔

واضح رہے کہ بھارت اور چین کے درمیان طویل عرصے سے سرحد پر تنازع ہے تاہم گزشتہ برس دونوں ممالک نے کشیدگی کم کرنے کے لئے معاہدہ کیا تھا اور رواں برس نریندر مودی نے چین کا دورہ بھی کیا تھا۔

دونوں ممالک کی سرحد 3800 کلومیٹر پر پھیلی ہوئی ہے جہاں 1950ء سے تاحال متنازعہ ہے اور اس معاملے پر 1962ء میں مختصر مگر بدترین جنگ ہوئی تھی۔

چین اور بھارت کے درمیان 2020ء میں سرحد پر جھڑپیں ہوئی تھیں اور ان جھڑپوں میں بھارتی فوج کا بڑا جانی نقصان ہوا تھا تاہم 2024 میں طے پانے والے معاہدے کے نتیجے میں کشیدگی میں کمی آئی اور دوطرفہ دوروں کے لیے پروازوں کی اجازت دی گئی۔