جنیوا: (دنیا نیوز) روس یوکرین کے درمیان جنگ بندی کیلئے امریکا اور یوکرین کے وفود آج جنیوا میں مذاکرات کریں گے۔
روس اور یوکرین کے درمیان جنگ بندی کی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں، امریکا اور یوکرین کے وفود کی آج جنیوا میں ہونے والی ملاقات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امن منصوبے پر بات ہوگی، برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے نمائندے بھی اس ملاقات کا حصہ ہوں گے جبکہ روس ان مذاکرات میں شریک نہیں ہوگا۔
امریکی منصوبے پر یورپ کو اعتماد میں لے کر نظرثانی کی ضرورت ہے، میکرون
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین کو ایک ہفتے سے بھی کم وقت دیا ہے کہ وہ ان کے 28 نکاتی منصوبے کی منظوری دے، صدر ٹرمپ کے منصوبے کے تحت یوکرین کو اپنی زمین کا کچھ حصہ چھوڑنا ہوگا، فوج کم کرنی ہوگی اور نیٹو میں شمولیت کا وعدہ بھی ترک کرنا ہوگا۔
دوسری جانب یورپی اتحادی جنوبی افریقہ میں جی 20 اجلاس کے دوران صدر ٹرمپ کے منصوبے کا متبادل تیار کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں تاکہ یوکرین کی پوزیشن کو کچھ مضبوط کیا جا سکے۔



