ماسکو: (دنیا نیوز) روسی صدر پیوٹن نے یوکرین جنگ کے خاتمے کیلئے امریکی صدر کی تجویز کی حمایت کردی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ صدر ٹرمپ کا یوکرین جنگ کے خاتمے کے لئے امن منصوبہ تصفیہ کی بنیاد بن سکتا ہے۔
واضح رہے کہ یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے صدر ٹرمپ کی تجویز پر شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا لیکن اس حالیہ پیشرفت پر اپنے ساتھیوں سے مشورے شروع کردیئے ہیں۔
قبل ازیں صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا تھا کہ یوکرین کو اپنی تاریخ کے سب سے مشکل لمحات میں سے ایک کا سامنا کرنا پڑا ہے، انہوں نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا تھا کہ امریکی تجویز کو عملی جامہ پہنانے کے لیے امریکا کو ایک اہم شراکت دار کے طور پر کھونے کا خطرہ ہے۔
زیلنسکی کے بیان پر صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ یوکرین کے لئے جمعرات تک اس منصوبے کو قبول کرنے کے لئے ایک مناسب ڈیڈ لائن ہے۔
روس نے بھی ابتدا میں امریکی تجویز پر سنجیدگی نہیں دکھائی تھی تاہم اب بیک ٹو ڈور مذاکرات کے بعد تصویر کا نیا رخ سامنے آیا ہے، یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی ہے جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کا ہے کہ وہ دنیا کی ایک اور جنگ بھی ختم کرانے جا رہے ہیں۔



