امریکی منصوبے پر یورپ کو اعتماد میں لے کر نظرثانی کی ضرورت ہے، میکرون

Published On 23 November,2025 12:55 am

جوہانسبرگ: (دنیا نیوز) فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے کہا ہے کہ یوکرین میں امن کیلئے امریکی منصوبے پر یورپ کو اعتماد میں لے کر نظرثانی کی ضرورت ہے۔

جنوبی افریقہ میں جی 20 کے اجلاس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے کہا کہ یوکرین میں امن کیلئے امریکی منصوبہ اچھی شروعات ہے، منصوبے پر سب سے پہلے یورپ کے ساتھ بات چیت نہیں کی گئی۔

فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ منجمد اثاثے یورپیوں کے پاس ہیں، یوکرین کا یورپی انضمام یورپیوں کے ہاتھ میں ہے، یہ جاننا کہ نیٹو کیا کر رہا ہے، نیٹو کے ارکان کے ہاتھ میں ہے، بہت سی چیزیں ایسی ہیں جو محض امریکی تجویز نہیں ہو سکتیں۔