یوکرین: مشتبہ شخص نے 180 سال پرانی یہودیوں کی عبادت گاہ کو آگ لگا دی

Published On 28 November,2025 09:52 pm

کیف: (ویب ڈیسک) یوکرین کے شہر سدیگورا میں واقع تاریخی کنیسہ (یہودی عبادت گاہ) جسے کلویز قدیشہ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے،رات گئے نذرآتش کردیا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک شخص کسی طرح کنیسہ میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگیا اور آگ لگادی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ شخص انتظار میں تھا اور جیسے ہی سیکیورٹی گارڈ چند لمحوں کے لیے کسی کام سے گیا، اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مشتبہ شخص کنیسہ میں گھس گیا۔

تاریخی یہودی عبادت گاہ میں آگ لگنے سے مقدس کتب جل گئیں اور عمارت کو بھی نقصان پہنچا ہے البتہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ملزم کو سیکیورٹی گارڈ نے قابو میں کرکے پولیس کے حوالے کردیا جس سے تھانے میں کافی دیر پوچھ گچھ کی گئی۔

ادھر مقامی حکام نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ یہی شخص تقریباً ایک ماہ قبل اسی علاقے میں ایک گرجا گھر کو بھی آگ لگانے میں ملوث تھا۔

پولیس کے بقول ابتدائی تفتیش سے لگتا ہے کہ ملزم ذہنی امراض کا شکار ہے اور غیر متوازن شخصیت ہے تاہم اس کا نفیساتی معائنہ کرانا ابھی باقی ہے۔