ریاض: (ویب ڈیسک) ایوی ایشن سکیورٹی اقدامات سے سعودی ایئر لائنز کے 51 طیارے متاثر ہوئے ہیں۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودیہ گروپ کے کارپوریٹ کمیونیکیشن کے ڈائریکٹر جنرل انجینئر عبداللہ الشہرانی نے انکشاف کیا کہ گروپ کے ایئربس A320 ماڈل کے طیاروں کی تعداد تقریباً 108 ہے، یورپی کمپنی ایئربس کی طرف سے عائد کئے گئے ہنگامی اقدامات سے تقریباً 51 طیارے متاثر ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ گروپ نے یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کے فیصلے سے قبل ہی فوری طور پر مسئلہ حل کرنا شروع کر دیا تھا، انہوں نے اسی وقت نشاندہی کی کہ اسی ماڈل کے سعودی ایئرلائنز کے چند طیاروں میں اس وقت لازمی سافٹ ویئر کی مرمت ہو رہی ہے اور یہ جلد ہی مکمل ہو جائے گی۔
سعودی ایئرلائن کمپنیوں نے ایئربس کی تاریخ میں سب سے بڑے ری کال آپریشن کے نتیجے میں A320 ماڈل کی یورپی مینوفیکچرنگ کمپنی کی جانب سے تکنیکی خرابی کی دریافت کے بعد فوری اقدامات کا ایک سلسلہ شروع کیا، شدید شمسی تابکاری فلائٹ کنٹرول سسٹمز کے لئے اہم ڈیٹا کو خراب کر سکتی ہے۔



