پائیدار اقتصادی نظام کے فروغ، جی 20 ممالک کیساتھ شراکت داری کیلئے پر عزم ہیں: سعودیہ

Published On 25 November,2025 04:24 am

کیپ ٹاؤن: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ سعودی عرب پائیدار اقتصادی نظام کو فروغ دینے اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کے تحفظ کے لئے جی 20 ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے پر عزم ہے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحمان نے گزشتہ روز جنوبی افریقہ کی زیر صدارت جی 20 اجلاس کا خیر مقدم کرتے ہوئے رکن ممالک کی جانب سے درپیش چیلنجز کے حل کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔

شہزادہ فیصل بن فرحان نے دنیا کی گرین اکانومی اور صاف ٹیکنالوجی کی طرف منتقلی کے حوالے سے ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ توازن رکھتے ہوئے اقتصادی ترقی کے فروغ کے لئے اہم وسائل اور سرمایہ کاری تک منصفانہ رسائی یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے نزدیک مصنوعی ذہانت کا استعمال اختراعی عمل کو تیز کرنے کےلئے بنیادی ضرورت ہے جس سے مختلف شعبوں کومستحکم بنایا جاسکتا ہے اس لئے باہمی تعاون اور افہام وتفہیم کی فضا میں بین الاقوامی قوانین کا احترام اور صارفین کے حقوق کا تحفظ ضروری ہے۔

اجلاس میں وزیر خزانہ محمد عبداللہ الجدعان اور نائب وزیر خزانہ عبدالمحسن الخلف بھی موجود تھے۔