مکہ مکرمہ: (ویب ڈیسک) مسجد الحرام کے بیرونی صحنوں میں زائرین کیلئے مفت لاکرز کی سہولت فراہم کر دی گئی۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ادارہ امور حرمین شریفین کی انتظامیہ نے گزشتہ روز کہا ہے کہ مسجد الحرام کے بیرونی صحنوں میں جو لاکرز مہیا کئے ہیں وہ 24 گھنٹے دستیاب ہیں، انتظامیہ نے ابتدائی طور پر مسجد الحرام کے بیرونی صحنوں میں 3 مقامات پر لاکرز کی سہولت فراہم کی ہے۔
مغربی جانب کے صحن میں وضوخانہ نمبر6 جبکہ دوسرا لاکر شارع اجیاد میں وضوخانہ نمبر2 اور تیسرا لاکر مشرقی جانب مکہ مکرمہ کتب خانے کے ساتھ قائم کیا گیا ہے، حرمین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لاکرز میں سامان رکھنے کی کوئی فیس نہیں، یہ سہولت زائرین کے لئے مفت فراہم کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ ادارہ امور حرمین شریفین کی جانب سے زائرین کے لئے مختلف نوعیت کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں تاکہ زائرین آرام سے اپنا زیادہ سے زیادہ وقت عبادت میں گزار سکیں، مفت لاکرسسٹم کی سہولت بھی اسی اقدام کے سلسلے میں شروع کی گئی ہے۔



