بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے روس کے ساتھ نئے شعبوں می تعاون تیزی سے بڑھانے کا اعلان کر دیا۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے نئے سال کی آمد پر تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیا، سی جی ٹی این کے مطابق بدھ کو شی جن پنگ نے اپنے پیغام میں کہا کہ سال 2025 اقوام متحدہ کی 80 ویں سالگرہ کا سال رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ چین اور روس دونوں ممالک نے جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوام کی مزاحمتی جنگ، سوویت یونین کی عظیم حب الوطنی کی جنگ اور فسطائیت کے خلاف عالمی جنگ کی فتح کی 80 ویں سالگرہ پر شاندار تقریبات منعقد کیں، جو امن، انصاف اور عوام کی فتح کا بھرپور اعلان تھا۔
انہوں نے کہا کہ سال 2025ء چین اور روس کے درمیان نئے دور میں جامع اسٹریٹجک شراکت داری کی مضبوط ترقی کا سال بھی رہا، ہم نے بیجنگ اور ماسکو میں دو مرتبہ ملاقاتیں کیں اور باہمی دلچسپی کے اہم معاملات پر گہرا تبادلۂ خیال کیا۔
چین اور روس کے درمیان ویزا استثنیٰ کی پالیسی نافذ ہوئی، توانائی کے راستوں کی تعمیر مستحکم رفتار سے آگے بڑھی اور نئے شعبوں میں تعاون تیزی سے پھیلا، دونوں ممالک نے اقوام متحدہ سمیت کثیرجہتی فریم ورک میں ایک دوسرے کی حمایت کی اور عالمی گورننس میں اصلاحات اور بہتری کے لیے اپنی دانش اور طاقت پیش کی۔
چینی صدر نے کہا کہ وہ صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور نئے دور میں چین روس تعلقات کو نئے نتائج تک پہنچانے کی قیادت کرنے کے خواہش مند ہیں، روسی صدر نے بھی شی جن پنگ کو نئے سال کی مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال چین اور روس کے درمیان تعلقات کا اچھا ترقیاتی رجحان برقرار رہا اور ٹھوس نتائج حاصل ہوئے، انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور اہم بین الاقوامی مسائل پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر آمادگی کا اظہار کیا، چینی وزیر اعظم لی چیانگ اور روسی وزیر اعظم میشوسٹن نے بھی ایک دوسرے کو نئے سال کی مبارکباد دی۔



